سڑک پر رکھے گملے چوری کرنیوالے کار سواروں کی ویڈیو وائرل

Published On 02 March,2023 09:35 am

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) پولیس نے شنکر چوک سے پھولوں کے گملے چوری کرنے والا 50 سالہ شخص گرفتار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گڑگاؤں پولیس نے گروگرام کے گاندھی نگر کے رہنے والے 50 سالہ پراپرٹی ڈیلر من موہن کو میٹرو پولیٹن ڈوپلپمنٹ اتھارٹی میں رکھے پھولوں کے گملے چُرانے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔

مذکورہ پھولوں کے گملے بھارت میں ہونے والے جی 20 کانفرنس کی تیاریوں کے انتظامات کیلئے منگوائے گئے تھے، ملزم من موہن کے قبضے سے چوری میں استعمال ہونے والی گاڑی اور مسروقہ گملے برآمد کر لیے گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کی شناخت ممکن ہوسکی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو افراد پھولوں کے گملے چرا کر گاڑی میں رکھ رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کو گزشتہ رات اس کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم پولیس اس کے ساتھی کی تلاش میں ہے، مذکورہ گاڑی ملزم منموہن کی بیوی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ من موہن اور اس کا ساتھی دہلی سے گروگرام واپس آ رہے تھے کہ پھولوں کے گملوں کو دیکھ کر انہوں نے اپنی کار روکی اور گملے چرا کر موقع سے فرار ہو گئے۔

دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ اسے اس بات کا علم نہیں تھا کہ گملے اٹھانے کی ویڈیو کیمرے میں ریکارڈ ہو رہی ہے، ملزمان کے خلاف آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔