1916 میں لکھا گیا خط ایک صدی بعد مطلوبہ منزل تک پہنچ گیا

Published On 27 February,2023 07:25 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) لندن میں مقیم ایک شخص جسے اپنے گھر کے ایک سابق رہائشی کے نام خط موصول ہوا وہ یہ جان کر حیران رہ گیا کہ اسے یہ خط ایک صدی سے بھی زیادہ عرصہ قبل 1916 میں بھیجا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق فنلے گلین نامی برطانوی شہری نے بتایا کہ یہ خط چند سال قبل جنوبی لندن میں ہیملیٹ روڈ پر ان کے پتے پر پہنچا تھا جس پر ایک غیر مانوس نام تھا اور اس پر ایک بہت پرانا ڈاک ٹکٹ اور پوسٹ مارک تھا، خط مسز اوسوالڈ مارش  کے نام ارسال کیا گیا تھا اور اسے میری پیاری کیٹی کے نام سے مخاطب کیا گیا تھا جبکہ بھیجنے والے کی شناخت کرسٹابیل مینیل کے نام سے ہوئی ہے۔

گلین نے بتایا کہ جب ہمیں احساس ہوا کہ یہ خط بہت پرانا ہے تو ہم نے اسے کھول کر پڑھنے کا فیصلہ کیا ، یہ واضح نہیں کہ خط کو اپنی مطلوبہ منزل تک پہنچنے میں اتنا وقت کیوں لگا تاہم ہم نے خط مقامی ہسٹریکل سوسائٹی کے حکام کے سپرد کیا تاکہ وہ اس پر مزید تحقیق کرسکیں۔

ایک انگلش نیوز ایجنسی کے ایڈیٹر کے مطابق یہ خط بہت ہی غیر معمولی اور حقیقت میں ہمیں مقامی تاریخ اور نارووڈ میں رہنے والے لوگوں کی رہنمائی فراہم کرنے کے لحاظ سے کافی دلچسپ ہے جو کہ 1800 کی دہائی کے آخر میں اعلیٰ متوسط طبقے کے لیے ایک بہت مشہور جگہ تھی۔