لاہور: (ویب ڈیسک) گاڑیاں تو آپ نے لاتعداد دیکھی ہوں گی مگر گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والی اس کار کا جواب نہیں۔
بی ایم ڈبلیو نے لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے دوران 2 کانسیپٹ گاڑیاں پیش کیں جن میں سے ایک مالک کے مزاج کے مطابق رنگ بدلتی ہے۔
دیکھنے میں یہ دونوں گاڑیاں ایک جیسی ہیں اور دونوں کو آئی ویژن ڈی کانسیپٹ کا نام دیا گیا ہے مگر گاڑی کا ایک ورژن رنگ بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کے لئے کلر چینجنگ پینلز استعمال کئے گئے ہیں۔
اس کمپنی نے گزشتہ سال بھی اس طرح کی کانسیپٹ گاڑی کو پیش کیا تھا مگر اس کا رنگ صرف گرے میں تبدیل ہوتا تھا مگر اس سال متعارف کرائی گئی گاڑی آئی ویژن ڈی متعدد رنگوں میں تبدیل ہوسکتی ہے بلکہ اس کے مختلف حصے بھی الگ الگ رنگ کے ہوسکتے ہیں، یہاں تک کہ پہیے کا رنگ بھی تبدیل کرنا ممکن ہے۔
گاڑی کا دوسرا ورژن یوزر انٹرفیس کے نئے خیالات کے اظہار کے لئے تیار کیا گیا ہے، اس گاڑی کے باہری حصے میں ہیڈلائٹس اور گرل درحقیقت ایک ڈسپلے پینل ہے جو مختلف شکلوں میں بدل سکتا ہے جس سے چہرے کے تاثرات جیسے خوشی یا دیگر کا اظہار کیا جاسکتا ہے۔
گاڑی کے اندر ونڈ شیلڈ کو ہی ٹچ سکرین ڈسپلے بنا دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق 2025 میں یہ فیچر حقیقی گاڑیوں میں لانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
اس ڈسپلے میں ڈیجیٹل مواد کو چلانا بھی ممکن ہے جبکہ گاڑی سے متعلق تفصیلات بھی دیکھی جاسکتی ہیں مگر کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ مستقبل قریب میں اس گاڑی کے دونوں ورژنز کو عام صارفین کے لئے متعارف کرایا جائے گا یا نہیں۔