ممبئی: (ویب ڈیسک) والدہ کے علاج میں مدد کرنے کا بدلہ اتارنے کیلئے 2 جڑواں بہنوں نے ایک ہی لڑکے سے شادی کر لی۔
سوشل میڈیا پر بھارت میں جڑواں بہنوں کی ایک ہی لڑکے سے شادی کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔ شادی کی یہ ویڈیوز بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع سولاپور میں آئی ٹی انجینیئرز جڑواں بہنوں رنکی اور پنکی کی ہیں جنہوں نے ایک ہی لڑکے سے پسند کی شادی کی ہے۔
آئی ٹی انجینیئرز جڑواں بہنیں ممبئی میں کام کرتی ہیں اور دلہا کا بھی ممبئی میں ٹریول ایجنسی کا بزنس ہے۔ رپورٹس کے مطابق والد کی وفات کے بعد دونوں بہنیں والدہ کے ساتھ رہائش پذیر تھیں اور والدہ کی بیماری کے دوران اتل نامی نوجوان نے بہنوں کی کافی مدد کی جس سے متاثر ہوکر دونوں نے اتل سے ایک ساتھ شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں خاندانوں نے بہنوں کے فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں کیا جس کے بعد یہ شادی 2 دسمبر کو ہوئی۔ ان کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے جڑواں بہنوں سے ایک ساتھ شادی پر دلہا کے خلاف دفعہ 494 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے، اس دفعہ کے تحت بیوی کی زندگی میں دوبارہ شادی کرنا قابل سزا جرم ہے۔