کتاب کو منٹوں میں سکین کرنے والا طاقتور ویب کیم تیار

Published On 02 November,2022 03:27 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) 12 میگا پکسل کیمرے کے ساتھ ویب کیم کو بڑی مہارت سے ایک ایسے اسکینر میں بدلا گیا ہے جو اردو سمیت دنیا کی 180 زبانوں کی کتب اسکین کر کے اسے ڈیجیٹل ڈیٹا میں تبدیل کر سکتا ہے جبکہ اس کے علاوہ بھی اس میں کئی خوبیاں موجود ہیں۔

اس کی خاص بات یہ ہے کہ سکیننگ کے دوران کتاب درمیان سے خمیدہ ہوتی ہے اور آخری جملے کے الفاظ پڑھنے کے قابل نہیں رہتے لیکن ایک خاص ٹیکنالوجی کی بدولت سیزر فینسی پرو اسکینر اور ویب کیم ہر صفحے کو مکمل طور پر ہموار کر کے سکین کرتا جو ایک زبردست پیشرفت ہے۔

فی الحال یہ اہم ایجاد کراؤڈ فنڈنگ سے گزر رہی ہے جس کے کئی ماڈل تیار ہوچکے ہیں، اس کا پورا نام ’سیزرفینسی پرووژلائزر‘ ہے جس میں 12 میگا پکسل کیمرے کے ساتھ ساتھ 330 ڈی پی آئی پر اسکیننگ کی سہولت موجود ہے، اس طرح کتاب کا شفاف اور بہترین سکین حاصل ہوتا ہے۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ سکینر اور کیمرے کی اونچائی، رخ اور سمت کو تبدیل کیا جاسکتا ہے، یہاں تک کہ بہت چھوٹی تصاویر اور اشیاء کو بھی پوری تفصیلات کے ساتھ سکین کیا جاسکتا ہے، دوسری جانب طاقتور ویب کیم سے ویڈیو بنائیں، آن لائن ملاقاتیں کیجیے اور دستاویز کا تبادلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ سیزر اسکینرونڈوز اور میک سمیت تمام پلیٹ فارم پر کام کرسکتا ہے۔

اپنے خواص کی بنا پر کمپنی نے اسے ڈاکیومنٹ کیمرہ بھی کہا ہے جس میں سکینر کے تمام خواص موجود ہے، اس کی خاص کرو فلیٹ ٹیکنالوجی ازخود انداز میں صفحات کو سیدھا کر دیتی ہے اور اوسی آر ٹیکنالوجی دنیا کی درجنوں زبانوں میں چھپے ہوئے حروف کو ڈیجیٹل یونی کوڈ میں بدل سکتی ہے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایک موٹی کتاب بھی چند منٹوں میں اسکین ہوسکتی ہے۔

یہ مشہور سکینر بنانے والی کمپنی ہے جو اس سے قبل ساڑھے تین لاکھ سے زائد اسکینر فروخت کرچکی ہے تاہم اب جدید اسکینر پیش کیے گئے ہیں تاہم اس جدید ویب کیم اسکینر کی قیمت 149 ڈالر رکھی گئی ہے۔