وزیراعظم کا امیر قطر، شاہ بحرین، ترک صدر اور کویتی ہم منصب کو فون، عید کی مبارکباد

Published On 02 May,2022 05:12 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم کا قطر کے امیر، بحرین کے شاہ، ترک صدر اور کویتی وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، شہباز شریف نے عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا قطر کے امیر سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کوعیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی جبکہ شہباز شریف نے قطر کے برادر عوام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

سیاسی اور اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کا عزم کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

قطر کے امیر نے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط سیاسی اور اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کا عزم کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا جبکہ وزیراعظم نے قطر کے امیر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ 

وزیراعظم کا بحرین کے شاہ کو فون

وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کو فون کر کے عید الفطر کی مبارکباد دی اور بحرین کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کےساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، پاکستان کےساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم کا ترک صدر کو ٹیلیفون

شہباز شریف نے ترک صدر طیب اردوان کو ٹیلیفون کرکے عید الفطر کی مبارکباد دی، ترک حکومت، قیادت اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

ترک صدر نے شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پرمبارکباد دی، دونوں ممالک کی قیادت نے دوطرفہ مثالی تعلقات پر اطمینان اظہار کرتے ہوئے تمام شعبوں میں باہمی تعاون کے مزید فروغ کےعزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ترک سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار دوست ماحول سے استفادہ کریں، رواں سال 75 سالہ سفارتی تعلقات کی سالگرہ منائی جائے گی، پاک ترک قیادت مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف کی حمایت کیلئے ترک صدر کے مشکور ہیں۔

شہباز شریف نے طیب اردوان کو افغانستان میں انسانی بحران کے مسئلہ سے آگاہ کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی روابط کے تسلسل پر اتفاق کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے ترک صدر کو دورہ پاکستان بھی دعوت دی۔

وزیراعظم کی کویتی وزیراعظم سے ٹیلیفونک گفتگو

شہباز شریف نے کویتی وزیراعظم شیخ صباح الخالد الحمید الصباح سے ٹیلیفونک گفتگو کی، وزیراعظم نے کویتی ہم منصب کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور کویتی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کویتی وزیراعظم نے شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی جبکہ دونوں رہنماؤں میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف نے کویت میں مقیم پاکستانیوں کا خیال رکھنے پر کویتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کویتی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔