ٹورانٹو: (ویب ڈیسک) کینیڈا کے نیلام گھر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ مشہور برطانوی پاپ آئیکون ڈیوڈ بووی کی بنائی حال ہی میں دریافت ہونے والی پیٹنگ ٹورنٹو میں ایک نیلامی کے دوران 90 ہزار ڈالر )ایک کروڑ 41 لاکھ روپے) میں فروخت کر دی گئی ہے۔ یہ پینٹنگ کینیڈا کے ایک عطیہ کی جانے والی اشیا کو فروخت کرنے والے سٹور سے چار ڈالر (630 روپے پاکستانی) میں خریدی گئی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فروخت کی قیمت نے نیلام گھر کاؤلی ایبٹس کے اس چھوٹی سی پیٹنگ کے سات سے 10 ہزار ڈالر میں نیلام ہونے کے تمام اندازوں کو غلط ثابت کر دیا ہے۔ یہ پیٹنگ ایک امریکی کولیکٹر نے خریدی ہے۔
نیلام گھر سے وابستہ روب کاؤلی کا کہنا ہے کہ یہ پیٹنگ مشہور برطانوی گلوکار کی ایک ڈی ہیڈ سیریز کا حصہ ہے جو ان کی، ان کے دوستوں اور دوسرے افراد کی تصویروں پر مشتمل ہیں۔ اس کو سنہ 1995 سے 1997 کے درمیان پینٹ کیا گیا تھا۔
گلابی رنگ کے پس منظر والی یہ تصویر اصل میں سنہ 2001 میں ایک ویب سائٹ کے ذریعے فروخت کی گئی تھی۔ ٹورنٹو سے 300 کلومیٹر دور اونٹاریو میں ایک عطیات کے سٹور میں یہ پینٹنگ دو دہائیوں کے بعد سامنے آئی۔ ایک گمنام خریدار نے اس کے لیے چار ڈالر کی ادائیگی کی۔
پینٹنگ کی قیمت کے حوالے سے راب کوؤلی نے بتایا کہ کہ بیچنے والے کو ’خوشی اور حیرت‘ ہے کہ اس پینٹنگ کو اتنی زیادہ قیمت ملی۔
خیال رہے کہ اپنی 69 ویں سالگرہ پر 25 ویں میوزک البم کی ریلیز کے دو دن بعد ڈیوڈ بوؤی کی 10 جنوری 2016 کو کینسر سے موت ہو گئی تھی۔