اونٹاریو: (دنیا نیوز) کینیڈا میں اسلامو فوبیا کے شکار پاکستانی خاندان سے اظہار یکجہتی کی تقریب منعقد کی گئی۔ اونٹاریو لندن میں مسجد کے باہر ہزاروں افراد تعزیت کے لیے پہنچ گئے۔
پاکستانی مسلم خاندان سے اظہار ِ یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد اونٹاریو لندن کی مسجد کے سامنے جمع ہوئے۔ اونٹاریو لندن میں مسلم خاندان کے اظہار یکجہتی کے لیے 7 کلومیٹر طویل قطار بنائی۔
کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم کمیونٹی پر حملہ افسوسناک ہے، مسلم خاندان کی ہلاکت پر پوری قوم افسردہ ہے، پوری قوم حملے میں زندہ بچ جانے والے بچے کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے حملے کو دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ دائیں بازو کے انتہا پسند گروہوں کو دہشت گردوں کی فہرست میں ڈالا جائے گا۔
رکن پارلیمنٹ جگمیت سنگھ نے کہا کہ یہی ان کا کینیڈا ہے، ان کے ملک میں مسلمان محفوظ نہیں ہیں، یہاں نسل پرستی بھی ہے، تشدد بھی ہے، یہاں مقامی آبادی کی نسل کشی کی گئی۔
تقریب سے امام مسجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ ہر کوئی اپنی ذمہ داری پوری کرے اور امید کا دامن نا چھوڑے۔ تقریب سے دیگر مسلم رہنماوں اور صوبے اونٹاریو کے وزیر اعلی نے بھی خطاب کیا۔
یاد رہے پولیس نے اسے نفرت پر مبنی جرم قرار دیا ہے۔ زیر حراست 20 سالہ دہشت گرد کی اگلی پیشی جمعرات کو متوقع ہے۔