اونٹاریو: (دنیا نیوز) کینیڈا میں دہشت گردی کا شکار بننے والے پاکستانی خاندان کی تدفین کر دی گئی، صوبہ اونٹاریو کے شہر لندن میں مسلمان پاکستانی خاندان پر حملے کی جگہ سے قریبی مسجد تک ریلی نکالی گئی۔
کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا شکار خاندان کےچار افراد کی تدفین کے موقع پر فضا سوگوار رہی، چاروں افراد کی نماز جنازہ اسلامک سینٹر میں ادا کی گئی جس میں سیکڑوں افراد شریک ہوئے، جنازوں کو کینیڈا کے پرچم میں لپیٹا گیا۔ نماز جنازہ میں شریک افراد نے سبز اور جامنی رنگ کے ربن باندھ رکھے تھے۔ جامنی 15سالہ یمنیٰ کا پسندیدہ رنگ تھا۔
کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ اور قونصل جنرل بھی نمازجنازہ میں شریک ہوئے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دہشت گردی کا شکار خاندان کے لواحقین سے رابطہ کرکے تعزیت کی، وزیر خارجہ نے کینیڈین ہم منصب سے رابطے میں ملزم کیخلاف کارروائی کی اپیل کی۔
صوبہ اونٹاریو کے شہر لندن میں ہزاروں افراد نے واقعے کے خلاف سات کلو میٹر مارچ کیا جس میں مختلف مذاہب اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔