شیف نے چاکلیٹ سے ہاتھی بنا ڈالا، ویڈیو وائرل

Published On 10 December,2020 06:00 pm

جنیوا: (ویب ڈیسک) جنیوا میں ایک شیف نے حیران کن طور پر قدم اٹھاتے ہوئے چاکلیٹ سے ہاتھی بنا دیا۔ جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں اگرچہ پیسٹری آرٹ تیزی سے مقبول ہو رہا ہے لیکن ہمیں یقین ہے شیف اموری گوئچن کا چاکلیٹ سے بنا یہ حیران کن مجسمہ کسی کو بھی دنگ کرنے اور داد وصول کیے جانے کے قابل ہے۔

جینیوا سے تعلق رکھنے والے پیسٹری شیف اموری گوئچن کی جانب سے ان کے آفیشل پیچ پر ویڈیو شیئر کی گئی جس میں شیف کو چاکلیٹ کے ذریعے ہاتھی کے مجسمے کی تخلیق کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کلپ کو دیکھنے کے بعد ہمیں یقین ہے کہ آپ بھی واہ واہ کیے بنا نہ رہ سکیں گے۔

ویڈیو کے آغاز میں غیر ملکی شیف کو چاکلیٹ کے ذریعے ہاتھی کے مختلف اعضاء بناتے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو میں کچھ آگے جاکر اموری گوئچن مختلف سانچوں اور اوزاروں کی مدد مکمل ہاتھی کا مجسمہ ترتیب دیتے نظر آرہے ہیں۔

ویڈیو کے اختتام پر ہاتھی کے مجسمے کو مزید دلکش اور حقیقت سے قریب تر کرنے کے لیے شیف کی جانب سے کچھ گھاس اور پودوں کا بھی اضافہ کرتا دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو کو فیس بک پر اب تک 10لا کھ 60 ہزار بار دیکھا جا چکا ہے جبکہ صارفین کی جانب سے ہزاروں مرتبہ شیئر اور اس پر تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

چاکلیٹ کے ذریعے مجسمے کی تخلیق اموری گوئچن کی یہ پہلی تخلیق نہیں ہے، کوئچن اس سے قبل بھی چاکلیٹ کے ذریعے گوریلا اور دوربین تیار کر چکے ہیں۔