نئی دہلی: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس سے جہاں دنیا بھر میں لاکھوں افراد جانیں گنوا بیٹھے، وہیں کورونا لاک ڈاؤن کی زد میں آئے کئی شعبے لاکھوں افراد کے روزگار چھننے کی وجہ بن گئے۔ لیکن اس مشکل صورتحال کے باوجود دنیا میں کئی افراد ایسے بھی ہیں جن کے لیے لاک ڈاؤن زحمت کے بجائے رحمت بن گیا اور انھیں میں سے ایک بھارتی استاد مہیش کاپسی بھی ہیں۔
بھارتی ریاست مہارشتڑا کے شہر اورنگ آباد کے ڈرائنگ استاد مہیش کاپسی، جنہیں رواں سال مارچ اپریل سے قبل کوئی جانتا بھی نہ تھا۔ تاہم لاک ڈاؤن کے دوران مہیش کے فن نے انہیں بین الاقوامی طور پر ایک مشہور آرٹسٹ بنا دیا۔
لاک ڈاؤن کے دوران جب مہیش کو ملازمت سے فارغ کیا گیا تو اس وقت ان کی ماہانہ آمدنی 10000 روپے تھی لیکن ملازمت چھوڑنے کے بعد مہیش 80000 روپے ماہانہ کمانے لگے۔
ڈرائنگ ٹیچر مہیش لاک ڈاؤن کے دوران فارغ وقت میں ٹک ٹاک پر اپنی ڈرائنگ ویڈیوز اپلوڈ کرنے لگے اور دیکھتے ہی دیکھتے پینٹنگز اتنی مشہور ہوئیں کہ فلمی ستارے بھی پینٹر مہیش کے مداح ہو گئے۔
بھارتی اداکار رتیش دیش مکھ نے مہیش کاپسی کی پینٹنگ ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ویڈیو میں مہیش کو کسی پینٹنگ برش کا استعمال کیے بغیر ہاتھ کی انگلیوں سے مہارت کے ساتھ ادکار رتیش دیش مکھ کی پینٹنگ بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔
Incredible art -Mahesh Kapse thank you Loved it https://t.co/3XtkUcBnae
— Riteish Deshmukh (@Riteishd) June 8, 2020
رتیش دیش مکھ کے علاوہ آسٹریلین کرکٹر ڈیوڈ وارنر اور سابق انگلش اسٹار کیون پیٹرسن بھی مہیش کی بنائی ہوئی ویڈیوز اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کر چکے ہیں۔ یہی نہیں بھارت کے مراٹھی فنکار بھی مہیش کی پینٹنگز کے قائل ہو چکے ہیں۔