لاہور: (ویب ڈیسک) چین نے کورونا وائرس کو شکست دینے کے بعد سکول اور نظام زندگی آہستہ آہستہ بحال ہو رہی ہے، تاہم اس دوران چین میں دفاتر،اسکول اور دیگر ادارے کووڈ 19 سے بچنے کے لیے اب بھی تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہے ہیں۔
غیر ملکی خبرر ساں ادارے کے مطابق احتیاطی تدابیر کی صورتحال کے پیش نظر چین کے شہر ہینگ ژہو کے ایک سکول میں سماجی دوری اختیار کرنےکے لیے منفرد اور تخلیقی طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے۔
حال ہی میں ڈیوک یونیورسٹی کی پروفیسر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چینی شہر ہینگ ژہو کے مقامی سکول کی پہلی جماعت کے طالب علموں کی چند تصاویر شیئر کی گئیں جس میں بچوں کو سروں پر ایک پروٹیکٹو ہیڈ گئیر پہنے دیکھا گیا ہے۔
سماجی دوری اختیار کرنے کے لیے بچوں کو سروں پر ایک ایسی ٹوپی پہنائی گئی تھی جس کے دونوں اطراف کارڈ بورڈ سے بنی تقریباً 3 فٹ کی پٹی لگی ہوئی تھی ۔ یہ ٹوپی خاص طور پر اس لیے بنائی گئی ہے تاکہ بچے سماجی دوری پر عمل کر تے ہوئے سکول میں ایک دوسرے سے فاصلے پر رہیں۔