آرمی چیف سے سعودی نائب وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال

Last Updated On 02 March,2020 07:10 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی نائب وزیر دفاع کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت اور دفاعی تعلقات کو بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیکیورٹی شعبے میں تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی نائب وزیر دفاع کے درمیان ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ سعودی نائب وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف کرتے ہوئے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا۔