اٹلی کے ریسٹورنٹ میں مفت کھانے بھی دستیاب

Last Updated On 24 October,2018 10:41 am

میلان: (روزنامہ دنیا) اٹلی کے شہر میلان میں ایک ریسٹورنٹ کا نام ’’دِس از ناٹ اے سوشی بار‘‘ ہے جسکے مالکان میٹیو اور ٹوماسو ہیں۔ اس ریسٹورنٹ میں نقد رقم اور کارڈ کے علاوہ انسٹاگرام اکاؤنٹ رکھنے والے ایسے افراد مفت کھانا کھاسکتے ہیں جنکے فالوورز کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔

آپ کے فالوورز جتنے زیادہ ہونگے اتنا ہی آپ مفت میں کھانا کھا سکتے ہیں۔ اگرچہ انسٹاگرام پر لاکھوں اور کروڑوں فالوورز رکھنے والے افراد مختلف مقامات پر مفت ڈنر اور لنچ کے علاوہ شاپنگ کرتے رہتے ہیں لیکن ایک ہزار یا چند ہزار فالوورز رکھنے والوں کو عموماً کوئی پوچھتا نہیں اور اسی کمی کو پورا کرنے کیلئے اس ریسٹورنٹ نے عملی قدم اٹھایا ہے۔

اگر انسٹا گرام پر آپ کے صرف 1000 مداح ہیں تو یہاں سے سوشی پلیٹ مفت میں مل سکتی ہے، 5 سے 10 ہزار فالوورز ایسی دو پلیٹیں حاصل کرسکتے ہیں، 10 سے 50 ہزار فالوورز چار مختلف ڈشیں کھا سکتے ہیں جبکہ 50 ہزار سے ایک لاکھ فالوورز آٹھ مختلف کھانے اور ایک لاکھ سے زائد فالوورز والے مکمل طعام یا ظہرانہ کھا سکتے ہیں خواہ اس میں کتنی ہی ڈشیں کیوں نہ ہوں لیکن صرف فالوورز کا ہونا ہی کافی نہیں، مفت کھانے کیلئے ضروری ہے کہ آپ اس پوسٹ کو انسٹا گرام پر شیئر بھی کریں اور اس کیساتھ @thisisnotasishibar اور#thisisnotasushibar کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کریں۔