مسجد نبوی میں سکیورٹی اہلکار کی بچّے سے محبت سوشل میڈیا پر مقبول

Last Updated On 11 October,2018 02:54 pm

ریاض (نیٹ نیوز ) مسجد نبوی کے اندر نصب کیمرے کی آنکھ نے ڈیوٹی پر مامور ایک سکیورٹی اہل کار کی جانب سے انسانی ہمدردی کے خوبصورت مظاہرے کو محفوظ کر لیا۔ تصویر میں مذکورہ سعودی اہل کار ایک ننھے بچّے کو اپنے سینے لے لگائے کھڑا نظر آ رہا ہے تا کہ بچّے کا باپ نماز ادا کر سکے۔ سوشل میڈیا پر یہ تصویر تیزی کے ساتھ پھیل گئی اور لوگوں کی جانب سے تصویر کے قصّے پر بے پناہ پسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔

 

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے مسجد نبوی میں تعلقات عامّہ اور اطلاعات کے ڈائریکٹر جنرل جمعان بن عبداللہ العسیری نے اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "یہ اہل کار بچّے کے والد کی نماز ختم ہونے تک اسے اپنی گود میں لیے کھڑا رہا۔ سکیورٹی اہل کاروں کے حوالے سے یہ کوئی انوکھی بات نہیں ہے کیوں کہ وہ نمازیوں کی راحت اور شہریوں اور مقیمین کی سلامتی کے لیے ہر جگہ چوکس رہتے ہیں"۔

العسیری کے مطابق "مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے دو یونٹ بنائے ہیں۔ ان میں پہلا یونٹ والد کے ہمراہ آنے والے بچوں کے لیے اور دوسرا یونٹ والدہ کے ساتھ آنے والی بچیوں کے لیے ہے۔ اس حوالے سے بچّے بچیوں کے لیے مختلف پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں۔ خواتین کے سیکشن میں مشرقی سمت بچوں کے لیے ایک لائبریری بھی بنائی گئی ہے تا کہ بچّے وہاں وقت گزاریں اور اس دوران مسجد آنے والے مرد اور خواتین پورے اطمینان اور سکون سے بے فکر ہو کر اپنی عبادات اور دیگر اعمال انجام دے سکیں"۔

العسیری نے مزید بتایا کہ مسجد نبوی کے صحنوں میں چھوٹے بچوں کو پُرسکون رکھنے کے لیے خواتین اور مردوں پر مشتمل علاحدہ زمینی ٹیمیں ہمہ وقت موجود ہوتی ہیں۔