بھوک کی شکار روسی لڑکی کا وزن صرف 17 کلو رہ گیا

Last Updated On 27 September,2018 05:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) 26 سالہ روسی لڑکی کرسٹینا 'اینوریکزیا' مرض میں مبتلا ہیں جس میں مریض کھانا پینا چھوڑ دیتا ہے جس کی وجہ سے مریض کا وزن گھٹنا شروع ہوجاتا ہے۔

روس کے شہر برنول سے تعلق رکھنے والی کرسٹینا نے ہائی اسکول کے زمانے سے ہی کھانا پینا چھوڑ دیا تھا اور وقت گزرنے کے ساتھ کمزور ہوتی چلی گئیں اور اب ان کا وزن 4 سال کے بچے کے برابر ہے۔26 سالہ کرسٹینا سیب کی چند قاشوں (ترکوں) اور تھوڑے سے کیلے پر زندہ ہیں اور گزشتہ کئی سالوں سے ان کی یہی خوراک ہے تاہم رواں سال سے انہوں نے معمولی خوراک کھانا شروع کی ہے۔

کرسٹینا کا کہنا ہے کہ جب کوئی شخص آپ کے سامنے کھانے کو کچھ رکھے اور آپ اُسے نہ کھا سکیں تو یہ قابل تکلیف ہوتا ہے، یہی نہیں آپ کو علم ہو کہ خوراک کی کمی سے آپ کی موت بھی واقع ہو جائے گی پھر بھی آپ کچھ نہیں کھا سکتے۔

 کرسٹینا کی سابق ڈاکٹر یان گولاند نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ ہارر موویز (خوفناک فلموں) میں زندہ لاش کا کردار ادا کریں اور ڈاکٹر کے اس جملے پر انہیں شدید مایوسی بھی ہوئی۔ ڈاکٹر گولاند کا ماننا ہے کہ کرسٹینا کو صحت یاب ہونے کے لیے اپنے رویے میں تبدیلی لانی ہوگی اور ریکوری کے لیے خود کو کھانے کی جانب مائل ہونا پڑے گا۔

یاد رہے کہ  اینوریکزیا  دماغی بیماری ہے جس میں مریض کھانا پینا چھوڑ دیتا ہے اور اس کا علاج ذہنی تھراپی اور مریض کو کھانے کے لیے مائل کرنا ہی ہے۔ اینوریکزیا میں مبتلا ایسے مریض جو اپنا علاج نہیں کراتے وہ ڈپریشن یا پھر اعضا کی کمزوری میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ اینوریکزیا کے مریض اکثر کیسز میں خوراک کی کمی یا کچھ نہ کھانے کی عادت کی وجہ سے زندگی سے ہاتھ بھی دھو بیٹھتے ہیں۔