دنیا کی گہری ترین میٹرو سروس

Last Updated On 29 June,2018 12:10 pm

لاہور(نیٹ نیوز) میٹرو سروسز کا شور و غوغا تو بہت سننے میں آتا ہے مگر فن تعمیر، خوبصورتی اور اپنی تعمیراتی خصوصیات کی بدولت اس میٹرو کو سینٹ پیٹرز برگ کا خوبصورت لینڈ مارک قرار دیا جاتا ہے۔

سینٹ پیٹرز برگ میٹرو زیر زمین گہرائی کے حوالے سے دنیا کی سب سے منفرد سفری سہولت ہے جو شہر میں مواصلات کا بہت بڑا بوجھ بھی اٹھائے ہوئے ہے۔ سینٹ پیٹرز برگ میٹرو کا قیام سابق سوویت یونین کے دور میں 1955 میں آیا۔ یہ روس کی دوسری طویل ترین میٹرو لائن ہے۔

ماسکو میٹرو اس سے لمبائی میں بڑی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سینٹ پیٹرز برگ میٹرو کی لمبائی 113 کلومیٹر ہے، اس کے پانچ مرکزی راستے ہیں جس میں 67 سٹیشن قائم ہیں ان میں سے 63 سٹیشن زیر زمین اور صرف چار سٹیشن سطح زمین پر ہیں، زمین میں گہرائی کے اعتبار سے سینٹ پیٹرزبرگ میٹرو دنیا کی سب سے گہری میٹرو سروس ہے۔

اس کی اوسط گہرائی 60 میٹر زمین کے اندر ہے ۔   ادمیر الیسکایا   اس کا سب سے گہرا سٹیشن ہے جو 100 میٹر زمین کے اندر گہرائی میں واقع ہے۔ پیدل اس سٹیشن تک پہنچنے کیلئے برقی زینے استعمال کئے جاتے ہیں۔ برقی زینے میں 150 سٹیپ ہیں جسے دنیا کی سب سے بڑی الیکٹرک سیڑھی قرار دیا جاتا ہے۔