شناختی کارڈ کی جگہ چہرے کی شناخت کا نظام متعارف

Published On 18 April,2025 09:38 am

دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے جدید ٹیکنالوجی کی جانب ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک سسٹم متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے، جو مستقبل قریب میں شناختی کارڈ (ایمرٹس آئی ڈی) کی جگہ لے سکتا ہے۔

اماراتی وزیر صحت و تحفظ و وزیر مملکت برائے فیڈرل نیشنل کونسل امور عبدالرحمان العویس نے بتایا کہ نیا نظام مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے کام کرے گا، جس میں فیشل ریکگنیشن اور فنگر پرنٹس شامل ہوں گے اور اسے آئندہ ایک سال کے اندر پورے ملک میں نافذ کیا جا سکتا ہے۔

اس جدید نظام کے تحت امارات کے رہائشی اور شہری مختلف حکومتی خدمات یا ایئرپورٹ پر سفر کے دوران صرف اپنا چہرہ دکھا کر اپنی شناخت ظاہر کر سکیں گے، اس سے نہ صرف وقت بچے گا بلکہ سکیورٹی اور سہولت میں بھی اضافہ ہوگا۔

اس وقت ابوظہبی اور دبئی ایئرپورٹس پر یہ نظام جزوی طور پر فعال ہے، ابوظہبی کا زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہلے ہی بائیومیٹرک سسٹم کے تحت حکومتی ڈیٹا کی مدد سے مسافروں کی شناخت کرتا ہے، جبکہ دبئی ایئرپورٹ کا ’’سمارٹ ٹنل‘‘ چند سیکنڈز میں پاسپورٹ کنٹرول مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

نیا نظام ووٹنگ، ایئرپورٹ انٹری اور سرکاری سروسز جیسے کئی شعبوں میں شناخت کے عمل کو تیز، محفوظ اور آسان بنائے گا۔