ٹرمپ نے امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کی مخالفت کردی

Published On 23 December,2024 10:40 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ امریکی سرزمین میں ٹک ٹاک کو کام کرنے کی اجازت دینے کے حق میں ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ عندیہ ایریزونا کے شہر فینکس میں ایک عوامی خطاب کے دوران دیا، انہوں نے اس موقع پر کہا کہ امریکی صدارتی مہم کے دوران ٹک ٹاک پر ان کی ویڈیوز کے ویوز اربوں میں تھے۔

یہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکا میں ٹک ٹاک پر ممکنہ پابندی کی مخالفت کے حوالے سے اب تک کا سب سے زیادہ ٹھوس اشارہ تھا۔

خیال رہے کہ پہلے ایوان نمائندگان کانگریس نے 20 اپریل اور پھر سینیٹ نے 24 اپریل 2024 کو ٹک ٹاک پر پابندی کے بل کی منظوری دی تھی۔

اس امریکی قانون کے تحت ٹک ٹاک کو 19 جنوری تک امریکا میں کمپنی کو فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس مدت میں کمپنی کو فروخت نہ کرنے پر امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔