نیو یارک: (ویب ڈیسک) چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس سے نہ صرف معیشت پر اثر پڑا ہے بلکہ اس سے ٹیکنالوجی کے شعبے کو بھی بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔
امریکی ریاست سان فرانسسکو میں 16 مارچ سے لے کر 20 مارچ تک ’گیم ڈیویلپرز کانفرنس 2020‘ کا آغاز ہونا تھا لیکن اب حال ہی میں منتظمین کی جانب سے کرونا وائرس کے پیشِ نظر اس کانفرنس کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کانفرنس کو منسوخ کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب ایمازون، الیکٹرانک آرٹس، ایپک، فیس بک، سونی اور دیگر کمپنیوں کی جانب سے کانفرس میں شرکت کرنے سے معذرت کی گئی۔
گیم ڈیویلپرز کانفرس 2020 کی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ گیم ڈویلپمنٹ انڈسٹری اور دنیا بھر میں کمیونٹی میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ قریبی مشاورت کے بعد، ہم نے رواں سال مارچ میں ہونے والی گیم ڈیویلپرز کانفرنس ملتوی کرنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔
انتظامیہ نے بیان میں کہا کہ گزشتہ سال سے اپنے مشاورتی بورڈز، سپیکرز ،نمائش کنندگان اور ایونٹ کے شراکت داروں کے ساتھ شو کی تیاری کرنے کے بعد بے حد افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ ہم اب اس ایونٹ کو منسوخ کر رہے ہیں۔
گیم ڈیویلپرز کانفرنس کی انتظامیہ نے ارادہ ظاہر کیا ہے کہ اب کانفرنس کو موسمِ گرما کے اختتام تک کیا جائے گا۔
انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ ہم تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور آنے والے ہفتوں میں اپنے منصوبوں کے بارے میں مزید معلومات شیئر کریں گے۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے خوف کی وجہ سے جہاں متعدد ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے اپنے دفتر عارضی طور پر بند کیے گئے وہیں اس کی وجہ سے موبائل انڈسٹری کی دنیا کا سب سے بڑا میلہ موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈبلیو سی) 2020 بھی منسوخ کردیا گیا کیونکہ متعدد کمپنیوں کی جانب سے ایونٹ میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی گئی تھی۔