چینی کمپنی 108 میگا پکسل کے کیمرے سے لیس فون متعارف کرانے کیلئے تیار

Last Updated On 08 August,2019 03:40 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) دنیا میں اس وقت 48 میگا پکسلز کے کیمرے سمارٹ فون موبائل میں نصب ہیں تاہم اب چین کی ایک کمپنی 108 میگا پکسل کے کیمرہ سے لیس فون متعارف کرانے کی تیاری میں مصروف ہے۔ کمپنی رواں سال کے آخر میں بھارت میں 64 میگا پکسلز کے کیمرہ والا فون متعارف کرا رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی کمپنی شاؤمی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ویبو پر اعلان کیا کہ سام سنگ کے ساتھ مل کر 108 میگا پکسل کا کیمرہ تیار کر رہے ہیں۔ مذکورہ کیمرہ 12032x9024 پکسلز کی تصویر لے سکے گا۔

کمپنی کی طرف سے سمارٹ فون کی لانچ کی تاریخ نہیں بتائی گئی اور صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ ’ "See you later"۔

 

شاؤمی اگر 108 میگا پکسلز کا کیمرہ تیار کر لیتی ہے تو انقلابی تبدیلی ہو گی کیونکہ دنیا میں موجود سمارٹ فونز میں زیادہ سے زیادہ 48 میگا پکسلز کے کیمرے نصب ہیں۔

تاہم شاؤمی پہلے 64 میگا پکسلز کے کیمرہ والا سمارٹ فون رواں سال کی آخری سہ ماہی میں بھارت میں لانچ کرے گی۔