پاکستان اور چین کا یوتھ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 30 July,2019 04:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور چین نے یوتھ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 100 پاکستانی نوجوانوں نومبر میں چین کا دورہ کرینگے۔

معاون خصوصی عثمان ڈارکا کہنا ہے کہ اس پروگرام سے نوجوانوں کو جدید رجحانات سے واقفیت کا موقع ملے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار سے چینی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان ژاؤ کی قیادت میں وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستانی اور چینی نوجوانوں کے درمیان رابطوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت رواں سال نومبر میں 100 پاکستانی نوجوانوں کا وفد چین کا دورہ کرے گا۔ دورے کے ذریعے نوجوانوں کو جدید رجحانات سے واقفیت کا موقع ملے گا۔

چینی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت ہے، پاکستان میں نوجوانوں کے لئے بہتر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

معاون خصوصی برائے امور نوجوانان نے کہا کہ بہت جلد ترکی، ملائشیا اور دیگر ممالک کے ساتھ یوتھ ایکسچینج پروگرام شروع کریں گے۔ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو جدید ہنر، ٹیکنالوجی اور تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔