انرجی ڈرنکس، بچوں کی صحت کے لیے خطرناک

Last Updated On 02 October,2018 07:01 pm

لاہور: (ویب‌ ڈیسک) انرجی اور سافٹ ڈرنکس کو دنیا بھر میں وزن بڑھانے والے مشروبات کے طور پر جانا جاتا ہے یہ بچوں کے لیے خاص طور پر نقصان دہ ہوتے ہیں۔

انگلینڈ کے رائل کالج آف پیڈیاٹرکس اینڈ چائلڈ ہیلتھ کے پروفیسر رسل وائنر کے مطابق انرجی ڈرنکس میں چینی اور کیفین کے مجموعی اثرات کے سبب بچوں کو ایسے مشروبات استعمال نہیں کرنے چاہییں۔ پروفیسر وائنر کا کہنا ہے کہ بچوں میں توانائی کی ضرورت اچھی خوراک، تازہ دم کرنے والی نیند اور ورزش کے ذریعے پوری ہونی چاہیے۔

انرجی ڈرنکس اور سافٹ ڈرنکس میں موجود بہت زیادہ چینی کے سبب عالمی سطح پر بچوں میں موٹاپا بڑھتا جا رہا ہے۔ کیفین کو عالمی سطح پر ایک ایسے جزو کے طور پر جانا جاتا ہے جو کسی فرد کی کام کرنے کی صلاحیت اور توجہ کو بڑھا دیتا ہے مگر ساتھ ہی یہ اینگزائٹی یعنی ذہنی اضطراب اور نیند میں خلل کی وجہ بھی بنتا ہے۔

مجموعی طور پر بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کو بھی انرجی اور سافٹ ڈرنکس سے دور ہی رہنا چاہیے کیونکہ یہ نہ صرف موٹاپے کے خطرات میں اضافے کا سبب بنتے ہیں بلکہ یہ ذہنی اضطراب اور نیند میں خلل کا باعث بھی بنتے ہیں۔