مچھر بھگانے والا ’’الیکٹرانک کڑا‘‘ تیار

Last Updated On 29 August,2018 07:29 pm

لاہور(نیٹ نیوز) سوئٹزرلینڈ کے ایک انجینئر نے مچھروں کے عتاب سے بچانے کیلئے ایک الیکٹرانک دستی پٹہ (کڑا) ایجاد کیا ہے۔ اس کڑے نما پٹے کا نام ’’نوپکس گو ماسکیٹو بائٹ پروٹیکشن رِسٹ بینڈ‘‘ ہے جو قدرے مختلف انداز میں کام کرتے ہوئے الیکٹرومیگنیٹک لہریں خارج کرتا ہے۔

اسے الیکٹرانک انجینئر کرٹ سٹول نے تیار کیا ہے جو عین اسی طرح الیکٹرومیگنیٹک لہریں خارج کرتا ہے جس طرح گرج چمک کے دوران بادلوں سے یہ امواج قدرتی طور پر خارج ہوتی ہیں۔

مچھر اس کیفیت کو اپنے جسم پر باریک ترین بالوں سے محسوس کرتے ہیں اور قریب نہیں آتے اس طرح وہ بارش یا طوفان کو محسوس کرتے ہوئے لوگوں کے قریب آنے کے بجائے خود کسی محفوظ مقام پر جانے کی کوشش کرتا ہے۔

ایک گھنٹہ چارج ہونے کے بعد یہ بینڈ پورے ہفتے تک کام کرتا ہے اور بیٹری ختم ہونے کی صورت میں سرخ ایل ای ڈی خبردار کرتی ہے۔ ابھی یہ ایجاد کراؤڈ فنڈنگ کے مراحل سے گزررہی ہے اور اس کی قیمت 8 ہزار پاکستانی روپے کے مساوی رکھی گئی ہے۔