سٹیو جابز کا بنایا ہوا پہلا کمپیوٹر نیلام کرنے کا اعلان

Last Updated On 28 August,2018 11:21 pm

لاس اینجلس (روزنامہ دنیا ) امریکی ادارے آر آر آکشنز نے ایپل کے بانی سٹیو جابز کا بنایا ہوا پہلا کمپیوٹر نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اسے اس کمپیوٹر کی نیلامی سے تین لاکھ ڈالر کی خطیر رقم حاصل ہو سکتی ہے۔

سٹیو جابز نے سٹیو وزنیاک کے ساتھ مل کر بنائے گئے اس کمپیوٹر کا نام ایپل ون رکھا تھا۔ بائٹ شاپ سٹائل ایپل ون ماڈل کے کل 200 کمپیوٹر تیار کئے گئے تھے جو سب کے سب کیلیفورنیا کی بائٹ شاپ کو فروخت کئے گئے تھے ۔

اس کمپیوٹر کو ایپل کمپنی کے ماہر کورے کوہن نے جون 2018 میں دوبارہ فعال کیا اور ٹیسٹ کے دوران یہ مسلسل آٹھ گھنٹے تک کام کرتا رہا۔ بنائے جانے کے وقت اسے دنیا کی طاقتور ترین مشین تصور کیا جاتا تھا تاہم آج کے کمپیوٹرز کے مقابلے میں اس کی کوئی اہمیت نہیں۔

آر آر آکشنز کے مطابق اس کمپیوٹر کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے افراد ادارے کی ویب سائٹ سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔