ہارس اینڈ کیٹل شو کی رعنائیاں، جیلانی پارک میں کبڈی کا فائنل پاکستان واپڈا نے جیت لیا

Published On 20 February,2025 01:29 am

لاہور: (دنیا نیوز) ہارس اینڈ کیٹل شو کی رعنائیاں، جیلانی پارک لاہور میں کبڈی اور شیر پنجاب دنگل مقابلے ہوئے، کبڈی کا فائنل پاکستان واپڈا نے جیت لیا۔

دیسی کشتی کی زور آزمائی سے شہریوں کی بڑی تعداد لطف اندوز ہوئی، ہارس اینڈ کیٹل شو کے سلسلے میں جیلانی پارک لاہور میں پی ایچ اے کے زیر اہتمام 2 روزہ کبڈی اور شیر پنجاب دنگل کا آخری روز ائیر فورس اور واپڈا کے درمیان کھیلا جانے والا کبڈی کا فائنل پاکستان واپڈا نے 13 پوائنٹس سے جیت لیا۔

پاکستان ایئر فور س نے دوسری جبکہ پاک آرمی نے تیسری پوزیشن حاصل کی، شیر پنجاب دنگل میں دیسی کشتی کے بھی شاندار مقابلے ہوئے،6 بڑے مقابلوں کے ساتھ ساتھ 25 دیگر مقابلوں میں ماما پہلوان، اعظم خان اور حسن علی پہلوان سمیت دیگر نامور پہلوانوں نے خوب داؤ پیچ آزمائے۔

ڈھول کی تھاپ نے سماں باندھے رکھا، شائقین کی دلچسپی عروج پر رہی، صدر دیسی کشتی لاہور ایسوسی ایشن مہر محمد اکرم عرف کالا پہلوان کا کہنا تھا کشتی جسمانی و ذہنی مشقت و تندرستی کا نام ہے، وسائل میسر ہوں تو اس کھیل کو بلندیوں کی جانب لے جائیں۔

مقابلوں سے لطف اندوز ہونے شہریوں کی کثیر تعداد جیلانی پارک میں موجود تھی۔