لاہور ہائیکورٹ بہاولپور بنچ میں مقدمات کی بذریعہ ویڈیو لنک سماعت کا آغاز

Published On 20 February,2025 12:29 am

لاہور: (محمد اشفاق) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے سائلین اور وکلا سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا، چیف جسٹس عالیہ نیلم کے حکم پر لاہور ہائیکورٹ بہاول پور بنچ میں مقدمات کی بذریعہ ویڈیو لنک سماعت کا آغاز کر دیا گیا۔

جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس طارق ندیم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے رحیم یار خان اور بہاولنگر کے کیس کیسز کی سماعت ویڈیو لنک پر کرکے سینکڑوں میل دور بیٹھے سائلین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی، وکلا نے چیف جسٹس عالیہ نیلم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے قرار دیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے عدالتی نظام کے مجموعی کام کو بہتر بنایا جارہا ہے اور اب بروقت انصاف کی یقینی فراہمی کے اس تاریخی اقدام سے دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے وکلاء اور سائلین سینکڑوں کلومیٹر کی مسافت کے بجائے ویڈیو لنک سماعت کے ذریعہ اپنے کیسز کی پیروی کر سکیں گے۔

لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ میں جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس محمد طارق ندیم نے بذریعہ ویڈیو لنک ضلع رحیم یار خان کے زیر التواء مقدمات اخلاق احمد بنام سرکار، محمد افضال بنام سرکار، محمد مزمل بنام سرکار، شفیق احمد بنام سرکار اور فرحان بنام سرکار کی سماعت کی۔

ویڈیو لنک سماعت سے بہاولنگر اور رحیم یا رخان اضلاع سے سفری اور موسمیاتی دشواریوں کے باجود سینکڑوں کلومیٹرکا سفر طے کرکے بہاولپور بینچ آنیوالے وکلاء اور سائلین نہ صرف مستفید ہونگے بلکہ سائلین کو دہلیز پربروقت انصاف کی فراہمی میسر ہوگی، وکلاء اور سائلین نے ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کے اقدام کو تاریخی اور اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی خصوصی ہدایت پر لاہور ہائیکورٹ بہاولپور بنچ میں مصدقہ نقول کے حصول کیلئے ایس ایم ایس الرٹ کا بھی آغاز کر دیا گیا، ایس ایم ایس الرٹ سروس کے اجراء سے وکلاء اور سائلین کو عدالتی احکامات اور مقدمات کی مصدقہ نقول کے حصول کی اطلاع فراہم کی جائیگی۔

قانونی ماہر بیرسٹر اسلم شیخ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا عملی طور پر استفادہ حاصل کررہی ہیں جس سے سائلین اور وکلا کا نہ صرف قیمتی وقت بچے گا بلکہ مالی طور پر بھی مشکلات کم ہوں گے۔

قانونی ماہر چودھری نصیر کمبوہ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کا خواب پورا کردیا ہے، اب دور دراز سے آنے والے سائلین کو عدالتوں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی پالیسیز کا تسلسل برقرار رہنا چاہئے، ان کے ویژن سے وکلا اور سائلین کے دیرینہ مطالبات پورے ہورہے ہیں اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔