میسی نہ رونالڈو! 2024 کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ وینیسیوس جونیئر کے نام

Published On 18 December,2024 05:10 am

دوحا: (دنیا نیوز) برازیل اور ریال میڈریڈ کے وینیسیوس جونیئر نے سال 2024 کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔

دوحا میں ہونے والی فیفا ایوارڈز 2024 کی تقریب میں سپین کی آئٹانا بونماتی نے خواتین کے بہترین پلیئر کا اعزاز اپنے نام کیا۔

سال 2024 کے بہترین فٹبالر اور فٹبال کے بہترین لمحات کا انتخاب دنیا بھر کی ٹیموں کے کپتانوں، کوچز، صحافیوں اور فینز نے ووٹنگ کے ذریعے کیا۔

فیفا ایوارڈز 2024 میں ارجنٹائن اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے الہینڈرو گرناچو نے بہترین گول کا پسکاس ایوارڈ جیتا، گرناچو کو انگلش پریمیئر لیگ میں نومبر 2023 میں ایورٹن کے خلاف گول پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔

امریکا کی ایلیزا نائیہر کو سال کی بہترین ویمن گول کیپر کا ایوارڈ ملا، برازیل کی مارٹا نے اپنے ہی نام سے منسوب خواتین کے بہترین گول کا مارٹا ایوارڈ جیتا، فیفا نے اس سال ویمن فٹبال کے بہترین گول کیلئے مارٹا ایوارڈ متعارف کرایا تھا، مارٹا کو جمیکا کے خلاف سکور کیے گئے گول پر یہ ایوارڈ ملا۔

ارجنٹائن کے ایمیلیانو مارٹینیز سال کے بہترین مین گول کیپر قرار پائے جبکہ برازیل کے تھیاگو مائییا کو فیئر پلے ایوارڈ دیا گیا، فیفا ایوارڈز 2024 سال کے بہترین مین فٹبالر کا ایوارڈ برازیل کے وینیسیوس جونیئر کے نام رہا۔