لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) مالی مشکلات کا شکار ہو گیا جس کی وجہ سے ملازمین گزشتہ 6 ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں۔
مالی بحران کی وجہ سے پی ایچ ایف ہیڈ کوارٹر کے ملازمین کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، بیمار ملازمین کے پاس علاج کیلئے پیسے نہیں، سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے واجبات کا معاملہ بھی التواء کا شکار ہے، ملازمین نے جلد واجبات ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کو حکومت کی جانب سے فنڈز ریلیز نہیں ہوئے، فنڈز کیلئے اسائنمنٹ اکاؤنٹ کھولا جانا ہے، موجودہ انتظامیہ نے دسمبر کے آخری ہفتے میں فیڈریشن کے اکاؤنٹس بند کر دیئے تھے جس کی وجہ سے اب اسائنمنٹ اکاؤنٹ کھولنا ضروری ہے۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں ایک ماہ کی تنخواہ کے بقایا جات ہیں، باقی لگ بھگ 5 ماہ کے بقایا جات پچھلے دور کے ہیں، موجودہ انتظامیہ نے تقریباً 8 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کرنی ہیں۔