لندن : (ویب ڈیسک ) پولینڈ کی ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ایک اور میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا سوئیٹک ومبلڈن اوپن ٹینس میں خواتین کے سنگلز مقابلوں میں اور سربیا کے شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ مردوں کے سنگلز مقابلوں میں اپنی کامیابی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ۔
سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
سب سے زیادہ 23 گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے نوویک جوکووچ نے مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف آسٹریلین جورڈن تھامسن کو 3-6،6-7(4-7)اور 5-7سے شکست دی اور تیسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔
سربین سٹار نوویک جوکووچ آٹھویں مرتبہ ومبلڈن اوپن جیتنے کے لئے کوشاں ہیں۔
دوسری جانب خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا سوئیٹک نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہسپانوی حریف کھلاڑی سارہ سوریبس ٹورمو کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 0-6 سے شکست دے کر اپنی کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔