اومان : (دنیانیوز) اومان کے شہر صلالہ میں جاری جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونیوالا میچ ایک ۔ ایک کی برابری پر ختم ہوگیا۔
گروپ بی میں شامل روایتی حریف ٹیموں کے درمیان میچ سنسنی خیز ثابت ہوا، دونوں ٹیموں کی جانب سے شروع ہی سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اور دونوں ہی نے اچھے مووز بنائے۔
میچ میں پہلی کامیابی بھارت کو 24 ویں منٹ میں ملی جب شردآنند تواری نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کردیا بھارت کی یہ برتری 44 ویں منٹ میں اس وقت ختم ہوگئی جب پاکستان کے بشارت علی نے گیند کو جال تک پہنچا کر مقابلہ ایک ۔ ایک سے برابر کردیا۔
پاکستان کو اس کے بعد برتری کا موقع ملا مگر گرین شرٹس اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور ایک ۔ ایک کی برابری پر مقابلہ اختتام کو پہنچا ۔
پاکستان کے عبدالحنان شاہد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ایونٹ میں پاکستان اگلا میچ جاپان کیخلاف پیر کو کھیلے گا ، پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 7 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔