اٹالین اوپن میں مینز سنگلز مقابلوں کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل

Published On 18 May,2023 01:43 am

روم : ( ویب ڈیسک ) اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز مقابلوں کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ۔

سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار عالمی نمبر ایک اور ایونٹ کے دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ ، ڈنمارک کے ہولگر رونے، ناروے کے کیسپر رڈ ، ارجنٹائن کے فرانسسکو سیرونڈولو اور جرمنی کے یانک ہنف مین نے کوارٹر فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

روس کے ڈینیئل مدویدیف ، یونانی ٹینس کھلاڑی سٹیفانوس اور کروشین ٹینس سٹار بورنا کورک بھی پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں اپنے میچز جیت کر کوارٹر فائنل راؤنڈ میں رسائی حاصل کر چکے ہیں۔

پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں نوویک جوکووچ نے کیمرون نوری کو شکست دے کر ٹاپ ایٹ کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ ہولگر رو نے الیکسی پوپیرین اور کیسپر رڈ نے لاسلو جیرے کو مات دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔

فرانسسکو سیرونڈولو نے جینک سنر ، یانک ہنف مین نے آندرے روبلوف اور ڈینیئل مدویدیف نے الیگزینڈر زیوریف کو ہرا کر ٹاپ ایٹ راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔

سٹیفانوس نے لورینزو موسیٹی کو شکست دے کر اور بورنا کورک نے فیبیان ماروزان کو ہرا کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔