کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی فٹبالر صاحبہ بلوچ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں چار ملکی فٹبال ٹورنامنٹ کھیل کر بہت مزہ آیا، انٹرنیشنل لیول پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کا خواب سچ ہوگیا۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے صاحبہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خواتین فٹبالر کسی انٹرنیشنل کھلاڑی سے کم نہیں، بچپن سے فٹبال کھیلنے کی شوقین ہوں۔
ابتدا میں خاندان والوں اور محلے کے لڑکوں کے ساتھ کھیلا کرتی تھی،ماڑی پور میں کھیلوں کی بہتر سہولیات نہیں اس لیے کھیلنے کیلئے کافی دور جانا پڑتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کھیلنے کیلئے کافی دشواری اٹھانا پڑی لیکن والد کی بھرپور سپورٹ ہمیشہ حاصل رہی، والد مچھلی کا شکار کرتے ہیں، ہم سات بہن بھائی ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں منعقد ہونے والےچار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم دوسرے نمبر پر رہی، ایونٹ کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے کوموروس کو زیر کیا جبکہ ماریشس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، آخری میچ میں میزبان سعودی عرب کے ساتھ مقابلہ برابر رہا۔