گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) نوجوان نسل میں مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو بڑھانے کیلئے گوجرانوالہ میں لڑکوں اور لڑکیوں کے جوڈو چیمپئن شپ کے مقابلے ہوئے جس میں کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
گوجرانوالہ سپورٹس کمپلیکس میں انٹر ڈویژن پنجاب جوڈو چیمپئن شپ کے مقابلوں کا انعقاد ہوا، پنجاب کے مختلف اضلاع سے 7 سے 18 سال تک کی عمرکے سو سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی جن کے درمیان مختلف اوزان کے حساب سے مقابلے ہوئے، ان مقابلوں کو دیکھنے کے لئے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
جوڈو چیمپئن شپ میں کھلاڑی اپنے مخالف کو چت کر نے کے لیے مختلف دائو پیچ استعمال کرتے رہے، کھلاڑیوں نے چستی پھرتی اور طاقت کا بھرپور استعمال کر کے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ جوڈو کا کھیل سیلف ڈیفنس کیساتھ بہترین ایکسر سائز بھی ہے جس سے ان کا جسم تندرست اور مضبوط رہتا ہے۔
چیمپئن شپ کے اختتام پر جیتنے والے کھلاڑیوں کو میڈلز اور سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔