ومبلڈن اوپن ٹینس، جوکووچ، آئیگا سویٹیک سنگلز مقابلوں میں ٹاپ سیڈڈ قرار

Published On 22 June,2022 11:54 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور ومبلڈن اوپن کے دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ اور خواتین کے سنگلز مقابلوں کی درجہ بندی میں عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار آئیگا سویٹیک 27 جون سے انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں شروع ہونے والے ومبلڈن اوپن کے لیے ٹاپ سیڈڈ قرار پائے ہیں۔

ومبلڈن اوپن ٹینس چیمپئن شپ نے سیڈنگ کھلاڑیوں کی اپنی فہرستیں جاری کر دی ہے ، جس میں روسی اور بیلاروسی کھلاڑی یوکرین پر جاری حملے کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد لائن اپ سے غیر حاضر تھے۔

روس کے ٹینس سٹار ڈینیل مدویدیف مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں لیکن وہ ومبلڈن اوپن میں شرکت نہیں کر پائیں گےکیونکہ ومبلڈن کے منتظمین نے اپریل میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد رواں سال کے گرینڈ سلام میں روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔

جرمنی کے عالمی نمبر دو الیگزینڈر زیویریف بھی ٹخنے کی انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں، ومبلڈن کے اے ٹی پی مقابلوں میں سربیا کے عالمی نمبر تین اور ومبلڈن کےدفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ سیڈنگ کی سربراہی کریں گے، وہ آل انگلینڈ کلب میں ساتویں ومبلڈن اوپن ٹائٹل کے حصول کے لئے میدان میں اتریں گے اور اپنے کیریئر کی 21 ویں گرینڈ سلام ٹائٹل کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔

دو بار ومبلڈن اوپن کے فاتح ہسپانوی شہرت یافتہ ٹینس سٹار رافیل نڈال سیکنڈ سیڈ ہوں گے، نڈال رواں سال پہلے ہی آسٹریلین اوپن اور فرنچ اوپن ٹائٹل جیت چکے ہیں اور سب سے زیادہ گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے میں نوویک جوکووچ اور راجر فیڈرر کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔

ناروے کے کیسپر رڈ تھرڈ، یونان کے سٹیفانوس فورتھ اور سپین کے کارلوس الکاراز ففتھ سیڈڈ قرار پائے ہیں، سوئس سٹار راجر فیڈررتاحال گھٹنے کی سرجری سے نجات کے لئے بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں اور وہ رواں سال ومبلڈن اوپن میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔

خواتین کے سنگل مقابلوں کی عالمی رینکنگ میں ومبلڈن کی دفاعی چیمپئن آسٹریلوی ٹینس سٹار ایشلی بارٹی نے گزشتہ جولائی میں ٹائٹل جیتنے کے بعد ریٹائرمنٹ لے لی تھی اس لیے ڈبلیو ٹی اے ٹور پر غالب کھلاڑی کے طور پر پولینڈ کی آئیگا سوئیٹیک کو ٹاپ سیڈقرار دیا گیا ہے، سویٹیک نے لگاتار 35 میچ جیت کر ہارڈ کورٹس اور کلے پر غلبہ حاصل کیا ہے۔

خواتین کے سنگلز مقابلوں میں استونیا کی اینیٹ کونٹاویٹ سیکنڈ، تیونس کی اونس جبیرتھرڈ، سپین کی پاؤلا بدوسہ فورتھ اور یونان کی ماریہ سکاری ففتھ سیڈ قرار پائیں ہیں، سات بار کی خواتین کی چیمپئن سرینا ولیمز کو وائلڈ کارڈ پر داخل کیا گیا اور وہ غیر سیڈڈ بھی ہیں، 40 سالہ ولیمز نے چوٹ کی وجہ سے پچھلے سال ومبلڈن میں اپنے پہلے راؤنڈ کا میچ چھوڑنے کے بعد سے سنگلز مقابلوں میں شرکت نہیں کی ہے۔