لاہور:(دنیا نیوز) ایف آئی ایچ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان کردیا گیا جس کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف24 نومبر کو کھیلے گا جبکہ ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کرینگی۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے جونیئر عالمی کپ کے شیڈول کا اعلان کیا ،24 نومبر تا 5 دسمبر انڈیا کے شہر بھوبنیشور میں کھیلے جانے والے اس عالمی ایونٹ میں پاکستان سمیت 16 ٹیمیں شرکت کرینگی، 16 ٹیموں میں میزبان ملک بھارت،پاکستان،جرمنی،بیلجیئم، ہالینڈ، سپین، ارجنٹائن ، ملائیشیا، جنوبی افریقہ، چلی، کینیڈا، فرانس، پولینڈ، کوریا، امریکہ اور مصر کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ایف آئی ایچ شیڈول کے مطابق ٹیموں کو چار پول میں تقسیم کیا گیا ہے، پول اے میں بیلجیئم، ملائیشیا، جنوبی افریقہ اور چلی جبکہ پول بی میں بھارت، کینیڈا، فرانس اور پولینڈ ،پول سی میں ہالینڈ، سپین، کوریا اور امریکہ، پول ڈی میں جرمنی، ارجنٹائن، پاکستان اور مصر شامل ہیں۔
شیڈول کے مطابق پول ڈی میں پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف 24 نومبر کو کھیلے گی جبکہ 27 نومبر کو پاکستان مصر کے مدمقابل اعزاز کے حصول کے لئے نبرد آزما ہوگا جبکہ قومی ہاکی سکواڈ ارجنٹائن کے خلاف پول راؤنڈ کا اپنا آخری میچ28 نومبر کو کھیلے گا۔