پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں سائبر کرائم میں بیرونی ممالک سے تعلق رکھنے والے گروہوں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ، شہریوں کو بڑی رقم کا لالچ دے کر پیسے وصول کئے جاتے ہیں ۔ اب تک دو گروپوں کے تین ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
خیبر پختونخوا میں سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والے افراد سے نمٹنے کے لیے اقدامات مزید تیز کر دیئے گئے، ایف آئی اے سائبر کرائم نے دھوکہ دہی سے شہریوں سے رقم ہتھیانے والےغیر ملکی گروہوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا۔
صوبہ کے مختلف اضلاع میں سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو سبز باغ دکھا کر لاکھوں روپےلوٹنے میں بیرونی کے دو گروہ ملوث ہیں، ایف آئی اے حکام کے مطابق گروہ میں ملوث افراد شہریوں کو بڑی رقم کا لالچ دیکر پیسے وصول کرتے ہیں، اب تک کارروائیوں میں ایک گروہ سے 2 جبکہ دوسرے گروہ سے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سائبر کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور لوٹنے کے واقعات سے شہری بھی پریشان ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت سائبر کرائم پر قانو پانے کےلیے اقدامات اٹھائیں۔
ایف آئی اے کے مطابق بین الاقوامی گروہوں کیساتھ پاکستان کے بینک اکائونٹ ہولڈرز بھی ملوث ہیں جن کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔