خیبرپختونخوا: ہزاروں شہریوں کی ویکسی نیشن کے باوجود رجسٹریشن نہ ہونے کا انکشاف

Published On 13 August,2021 01:52 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کے معاملات الجھ گئے، صوبہ بھر میں ہزاروں شہریوں کی ویکسینیشن کے باوجود رجسٹریشن نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

خیبر پختونخوا کے ویکسینیشن سنٹرز میں ہزاروں شہریوں کی ویکسینیشن کے باوجود رجسٹریشن نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے باعث شہریوں کو ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، دستاویزات کے مطابق ضلع مردان میں سب سے زیادہ 25 ہزارسے زائد شہریوں کی رجسٹریشن نہ ہوسکی، صوابی میں 10 ہزار سے زائد شہری ویکسینیشن کے بعد رجسٹریشن سےمحروم رہ گئے ہیں۔

ضلع سوات میں 8 ہزارکے قریب افراد کی رجسٹریشن نہیں ہوئی جبکہ ویکسین دی گئی ہیں، ویکسنیشن کے باوجود رجسٹریشن نہ کرنے والے سنٹرز میں نوشہرہ، اپرچترال، بٹگرام، کرم ، بونیر ، پشاور سمیت دیگر اضلاع بھی شامل ہیں۔

ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر نیاز کے مطابق سسٹم پر دبائو کی وجہ سے مسائل سامنے آتے ہیں جبکہ بیک لاک کو کور کرنے کے لیےاقدامات اٹھائے ہیں، رجسٹریشن سے متعلق مسائل کا سامنا ملک بھر میں ہے۔