ٹینس سٹار نوواک جوکووچ کا ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کا فیصلہ

Published On 16 July,2021 06:18 pm

بلغراد: (ویب ڈیسک) نمبر ون ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے جلد جاپان پہنچنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

خیال رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد 23 جولائی سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ بیس مرتبہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کرنے والے سربین کھلاڑی نوواک جوکووچ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ کھیلوں کے اس سب سے بڑے مقابلے میں شرکت کیلئے شش وپنج کا شکار تھے، تاہم انہوں نے اب حتمی فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ اس میں ضرور اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں نوواک جوکووچ نے کہا کہ انھیں فخر ہے کہ وہ ٹوکیو اولپمکس میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ میں نے ٹوکیو جانے کیلئے اپنی فلائٹ بک کرا لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ویمبلڈن میں فتح کے بعد وہ یہ فیصلہ نہیں کر پا رہے تھے کہ وہ ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کریں یا نہ کریں، کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے منتظمین نے شائقین کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹینس سٹار راجر فیڈرر کا ٹوکیو اولمپکس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

خیال رہے کہ اس سے قبل بیس بار گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کرنے والے دنیائے ٹینس کے مایہ ناز کھلاڑی راجر فیڈرر نے گھنٹے کی انجری کے باعث ٹوکیو اولمپکس میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیاتھا۔

خیال رہے کہ سوئس ٹینس سٹار نے 2008ء میں منعقد ہونے والے بیجنگ اولمپکس کے مینز ڈبل مقابلوں میں سونے جبکہ 2012ء کے اولمپکس میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

ابھی حال ہی میں ہونے والے ویمبلڈن ٹینس کے مقابلوں میں 39 فیڈرر کوارٹر فائنل میں شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔

راجر فیڈرر جب سے گھٹنے کی انجری میں مبتلا ہوئے ہیںِ، ان کی کارکردگی میں بدلاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ دو سالوں میں ٹینس میں ان کے حریف کھلاڑی سپین کے رافیل نیڈال اور سربیا کے نواک جوکووچ ان کیساتھ کئی ریکارڈ برابر کر دیئے ہیں۔