کورونا وائرس بھارتی انٹرنیشنل باڈی بلڈر جگدیش لاڈ کی جان لے گیا

Published On 01 May,2021 06:25 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس کے خوفناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، جس کی زد میں آ کر متعدد معروف شخصیات انتقال کر گئی ہیں، انہی میں ایک اور اضافہ ہواہے، بھارتی انٹرنیشنل باڈی بلڈر جگدیش لاڈ مہلک وباء کے باعث انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 34 سالہ باڈی بلڈر میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ کئی روز سے گجرات کے شہر بروڈا کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ جگدیش گزشتہ 4 روز سے مصنوعی تنفس پر تھے اور جمعے کو چل بسے ہیں۔

باڈی بلڈر کا تعلق ریاست مہاراشٹرا سے تھا اور انہوں نے کئی مقابلوں میں حصہ لیا۔ جگدیش نے مسٹر انڈیا سمیت کئی مقابلے جیتے اور انہوں نے عالمی چیمپئن شپ میں سلور میڈل حاصل کیا تھا۔

جگدیش ممبئی میں جم انسٹرکٹر بھی تھے اور انہیں ’بھارت شری‘ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔