ٹوکیو: (ویب ڈیسک) کھیلوں کے شائقین کیلئے بری خبر ہے کہ جاپانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگر عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی نہ آئی تو فوری طور پر اولمپکس گیمز ملتوی کر دی جائیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بات حکومتی نمائندہ اور توشی ہیرو نکئی نے ایک ٹیلی وژن کو انٹرویو کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ اس عالمی وبا پر قابو پا لیا جائے گا۔
تاہم توشی ہیرو نکئی نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کورونا وائرس کا پھیلاؤ اور اس کے خطرناک وار کا سلسلہ جاری رہا تو بغیر کچھ سوچے ہم پہلے سے التوا کا شکار اولمپکس گیمز کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلوں اوکمپکس کا انعقاد ٹوکیو میں ہونا ہے۔ تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا کے خطرات کے پیش نظر اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
جاپانی وزارت کھیل کا پلان ہے کہ اسے رواں سال منعقد کروایا جائے لیکن اسے کورونا وائرس کی صورتحال سے مشروط کر دیا گیا ہے کیونکہ عالمی وبا کی تیسری لہر کی وجہ سے دنیا بھر میں اس کے پھیلنے کے خطرات جنم لے چکے ہیں۔