کورونا سے متاثرہ پاکستانیوں کی امداد، ٹینس سٹارز نے اپنے اعزازات نیلامی کیلئے پیش کردیے

Last Updated On 20 May,2020 09:47 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کے ٹاپ ٹینس سٹارز نے پاکستان میں کورونا وائرس وبا کی وجہ سے پاکستان میں متاثر ہونے والے افراد کی بہبود کیلئے اپنے اعزازات نیلامی کیلئے پیش کر دیے ہیں۔

پاکستانیوں کی خاطر اپنے اعزازات نیلامی کیلئے پیش کرنے والے ان ٹینس سٹارز میں نوواک ڈوکووچ، رافیل نیڈال، راجر فیڈرر، ماریا شیراپوا اور ثانیہ مرزا سمیت دیگر سابق کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ ان عالمی کھلاڑیوں کی جانب سے اپنی یادگاریں پیش کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ان کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سے پاکستان میں کورونا کی وبائی صورتحال میں معاشی تنگدستی کا شکار افراد کی مدد کی جا سکے۔

یہ اقدام گزشتہ ہفتے پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق کی جانب سے اٹھایا گیا تھا جنہوں نے پاکستان میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثرہ غریبوں کی امداد کیلئے فنڈز اکھٹا کرنے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔

ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں اعصام الحق نے کہا کہ کورونا وائرس نے دنیا میں ہر کسی کو متاثر کیا ہے، میں صرف ضرورت مندوں کی امداد کیلئے اپنا ایک چھوٹا سا کردار ادا کر رہا ہوں تاکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہمارے ملک کے پریشان حال مزدوروں اور دہاڑی داروں کی کچھ مدد ہو سکے۔

اعصام الحق کی تنظیم اب تک صوبہ پنجاب میں 2500 سے زائد خاندانوں کو امداد فراہم کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ٹینس کے کھیل نے مجھے یہ پلیٹ فارم عطا کیا ہے کہ میری وجہ سے لوگوں کیلئے بھلائی کے کچھ کام ہو جائیں۔

ٹینس سٹارز کے علاوہ باکسر عامر خان، کرکٹر شعیب ملک، سابق کپتان وسیم اکرم، شعیب اختر اور سکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے بھی اپنے اعزازات نیلامی کیلئے پیش کیے ہیں۔ ان کی آن لائن نیلامی 24 مئی تک جاری رہے گی۔