میچ فکسنگ: مصری ٹینس پلیئر یوسف حسام پر تاحیات پابندی عائد کر دی گئی

Last Updated On 07 May,2020 09:11 pm

لندن: (ویب ڈیسک) مصر کے ٹینس پلیئر یوسف حسام پر میچ فکسنگ کے جرم میں ملوث پائے جانے پر تاحیات پابندی لگا دی گئی ہے، ان پر ایک سے زیادہ میچ فکس کرنے اور بدعنوانی کے دیگر جرائم میں ملوث پائے جانے پر تاحیات پابندی عائد کی گئی۔

ٹی آئی یو کے مطابق 21 سالہ یوسف حسام نے 2015ء اور 2019ء کے درمیان انسداد بدعنوانی کے 21 قوانین کی خلاف ورزی کی اور کھیل کے نچلے درجے پر جوئے سے متعلق بدعنوانی کے لئے دوسروں کے ساتھ سازش کی۔

گزشتہ سال مئی میں یوسف حسام کو میچ فکسنگ کے آٹھ مقدمات اور جوئے کو سہولت دینے کے چھ مقدمات میں ملوث پائے جانے پر ٹینس سے عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔
ٹی آئی یو کے ایک بیان کے مطابق یوسف حسام کو اب کھیل کے گورننگ باڈیوں کے ذریعہ منعقدہ یا تسلیم شدہ کسی ٹینس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے یا شرکت کرنے سے مستقل طور پر خارج کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یوسف حسام دسمبر 2017ء میں مردوں کے انفرادی مقابلوں کی درجہ بندی میں 291 ویں پوزیشن پر تھا اور اب تازہ ترین رینکنگ میں 820 نمبر پر ہے۔

اس سے قبل ان کے بڑے بھائی کریم حسام کو 2018ء میں میچ فکسنگ کے متعدد جرموں کا مرتکب ہونے پر عمر بھر ٹینس کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔