سعودی عرب میں صحرائی پولو ٹورنامنٹ کی تیاریاں شروع

Last Updated On 05 December,2019 06:44 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں پولو بہت ہی مشہور کھیل ہے، دنیا بھر میں اس کے دیوانے بھی پائے جاتے ہیں، پاکستان میں ہر سال چترال میں پولو ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ شندور میلے میں پولو کے علاوہ گلگت اور چترال کے روایتی کلچرل شو بھی منعقد ہوتے ہیں۔ 12 ہزار فٹ پر واقع شندور میں فری سٹائل پولو سے لطف اندوز ہونے کے لئے ملکی و غیر ملکی سیاح آتے ہیں تاہم ایک حیران کن خبر سعودی عرب سے آئی ہے ، جہاں صحرائی پولو ٹورنامنٹ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی پولو آرگنائزیشن نے تاریخ میں پہلی مرتبہ مملکت کے تاریخی مقام طنطورة میں صحرائی پولو ٹورنامنٹ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ آئندہ سال 16 سے 18جنوری تک پولو ٹورنامنٹ جاری رہے گا۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق تاریخی مقام العلا میں طنطورة ونٹر فیسٹیول کے تحت ٹورنامنٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس میں دنیا بھر سے پولو کے معروف اور بہترین کھلاڑی شریک ہوں گے۔

ٹورنامنٹ کیلئے العلا کے تاریخی مقام کا ا نتخاب سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے۔ جزیرہ عرب میں کئی تمدنوں کے سربستہ رازوں کا امین علاقہ ہے۔ یہاں کا پرکشش قدرتی ماحول پولو ٹورنامنٹ کے حوالے سے دلکش ثابت ہو گا۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق العلا پولو صحرائی ٹورنامنٹ کا تصور سوئٹزر لینڈ کے سان مارٹس میں آئس پولو ٹورنامنٹ سے لیا گیا ہے۔ العلا میں تاریخی مقابلہ درخشاں ضیافتی روایات اور تاریخی مقام کی بدولت نیا رنگ اور نئی روح کا باعث بنے گا۔ العلا رائل کمیشن اور سعودی پولو آرگنائزیشن صحرائی پولو کا انتظام کررہے ہیں۔ ’طنطورة ونٹر فیسٹیول‘ دسمبر 2019 سے مارچ 2020 تک جاری رہے گا۔

سعودی پولو آرگنائزیشن کے چیئرمین عمرو زیدان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد مملکت کے ترقیاتی سفر کے اعزاز کے طور پر کیا جا رہا ہے۔ سعودی نوجوانوں میں اس کھیل سے لگاﺅ پیدا ہو گا۔

عمرو زیدان کے مطابق صحرائی پولو ٹورنامنٹ سے العلا اور اس کے تاریخی حسن کا تعارف بھی دنیا بھر میں ہو گا۔ عالمی رائے عامہ کو یہ پیغام بھی ملے گا کہ سعودی عرب عالمی سطح کے پروگرام کے بہترین انتظامات کر رہا ہے۔