لاہور: (دنیا نیوز) ہاکی ورلڈکپ میں میزبان بھارت اور بیلجئیم نے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا، آج ارجنٹینا اور سپین جبکہ نیوزی لینڈ اور فرانس کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
بھارتی ریاست اڑیسا میں ہاکی ورلڈکپ مقابلے شروع ہو گئے، افتتاحی روز پول سی کی چاروں ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔ پہلے میچ میں بیلجئم نے کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ دوسرا میچ گویا یکطرفہ رہا، میزبان بھارتی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو پانچ صفر سے پچھاڑ دیا، بھارت کی طرف سے سمرنجیت سنگھ نے دو گول کیے۔
ایونٹ میں آج بھی دو میچ کھیلے جائیں گے، پول اے سے ارجنٹینا اور سپین سہہ پہر ساڑھے چار بجے آمنے سامنے ہوں گے، دن کا دوسرا میچ نیوزی لینڈ اور فرانس کے درمیان ہو گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہو گا۔گذشتہ روز دوسرا وارم اپ میچ ہارنے والی قومی ٹیم ایونٹ کا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف کھیلے گی۔