مسقط: (دنیا نیوز) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں آج سیمی فائنل مرحلہ کھیلا جائیگا، پہلے مقابلے میں پاکستان اور ملائیشیا کا جوڑ پڑیگا جبکہ دوسرے میچ میں جاپان اور بھارت مدمقابل ہونگے، ایونٹ کا فائنل کل کھیلاجائیگا۔
پانچویں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے مقابلے مسقط میں جاری ہیں، آج پہلا سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق رات 7 بج کر 55 منٹ پر شروع ہو گا، جس میں گرین شرٹس کا مقابلہ ملائیشیا سے ہوگا۔ لیگ میچز کے اختتام پر ناقابل شکست بھارت کا پہلا جبکہ پاکستان کا دوسرا نمبر رہا، سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی دیگر دو ٹیموں میں جاپان اور ملائیشیا شامل ہیں۔
پاکستان نے ابتدائی مرحلے میں پانچ میچ کھیلے، ملائیشیا ، جنوبی کوریا اور عمان کیخلاف کامیابی سمیٹی ، جاپان کیخلاف میچ برابر رہا جبکہ دفاعی چیمپئن بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن بھارت اور جاپان کے درمیان کھیلا جائیگا جبکہ فائنل اتوار کو ہوگا۔