فٹبال ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز

Last Updated On 05 July,2018 08:01 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) جنوبی امریکہ کی 2 اور یورپ کی 6 ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ گئیں، کوارٹر فائنل کے پہلے مقابلے میں فرانس، یوراگوئے کا سامنا کرے گا۔

دنیا فٹبال کے نئے عالمی چیمپئن کی منتظر، ہر نظر کو فیصلے کا انتظار ہے، شائقین کوارٹر فائنل مرحلہ دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں۔ ٹاپ 8 میں شامل ٹیمیں 6 جولائی سے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔ کوارٹر فائنل کا پہلا میچ 6 جولائی کو شام 7 بجے دو سابق عالمی چیمپئنز فرانس اور یوراگوئے کے درمیان ہوگا۔ پری کوارٹرفا ئنل میں فرانس نے ارجنٹائن اور یوراگوئے نے پرتگال کو ہرایا تھا۔

رات گیارہ بجے بیلجیم کا 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل سے ٹاکرا ہوگا۔ بیلجیم نے جاپان کو ہرا کر ٹاپ 8 مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔ ٹاپ 16 میں برازیل نے میکسیکو کو شکست دی تھی۔ میزبان روس، بیلجیم، سویڈن اور کروشیا پہلی بار ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔