لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، راولپنڈی سمیت ملک کے کئی شہروں میں موسلا دھار بارش، موسم خوشگوار ہوگیا۔ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہونے سے کئی علاقوں سے بجلی غائب ہوگئی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں بھی کمی، شہریوں کے چہرے کھل اُٹھے۔ مال روڈ، انار کلی، کینٹ، دھرم پور ہ، مزنگ، ٹیمپل روڈ، کاہنہ کاچھا سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔ بارش کے باعث لکشمی چوک میں پانی جمع ہوگیا جبکہ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
لاہور، راولپنڈی کے علاوہ بولان، قمبر، جعفر آباد، شکار پور، دینہ، رحیم یار خان، سکھر اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کنڈیارو شہر اور گردونواح میں مٹی کا تیز طوفان آنے سے دکانوں کے باہر لگے سائن بورڈ گرگئے۔ خیرپور اور گردونواح میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
ادھر لاڑکانہ اور گردونواح میں مٹی کا طوفان اور بارش آندھی کے بعد دیواریں، مکان کی چھت اور درخت گرنے کے واقعات پیش آئے۔ مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔