ملک کا نظام لاقانونیت کا شکار ہے، عمران سے ملاقات نہ ہونے پر سلمان اکرم راجہ برہم

Published On 22 April,2025 09:11 pm

روالپنڈی:( دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر برہم ہوتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں نظام مکمل طور پر لاقانونیت کا شکار ہے۔

راولپنڈی اڈیالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ آج وکلاء اور خاندان کے افراد کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن تھا، عمران خان کی تینوں بہنیں وہاں موجود تھیں، آج بھی وکلاء اور خاندان کے افراد کی ملاقات نہیں ہونے دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جو 6 نام ہم نے دیے تھے اس میں سے صرف ایک شخص کو اجازت دی گئی، انتظامیہ نے پانچ اپنی مرضی کے لوگوں کو بھیجا۔

سیکرٹری جنرل تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی بقا کا معاملہ ہے، ہائیکورٹ کی حکم عدولی کی جارہی ہے اور عدالتی فیصلے کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ نظام مکمل طور پر لاقانونیت کا شکار ہے، جیل انتظامیہ بے بس ہے،یہ صورتحال ملک کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔