جڑانوالہ:(دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان لنڈیانوالہ ٹریفک حادثہ میں 12 افراد کے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء سے تعزیت کیلئے جڑانوالہ پہنچ گئے۔
جڑانوالہ آمد پر سابق ٹکٹ ہولڈر رائے وقاص اسلم کے ڈیرے پر جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ ایک ہی خاندان کے 12 لوگوں کی شہادت کا سنا تو سوچا ضرور جاؤں گا، حکومت میں اعلیٰ عہدے پر رہ کر غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لیے آنا ضروری سمجھا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کسانوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے، بہت جلد بلاول بھٹو پنجاب میں آکر کسانوں کی نمائندگی کریں گے، کارکنوں کے تعاون سے بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کا وزیر اعظم بنائیں گے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، میرے ہوتے ہوئے غریب عوام کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کروں گا، شہر شہر جاکر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو شہید کا پیغام پہنچا رہا ہوں۔
سردار سلیم حیدر خان کا مزید کہنا تھا کہ بھٹو خاندان نے ہمیشہ پسے ہوئے طبقے، کسان اور مزدور کے حقوق کی بات کی ہے، پپپلز پارٹی پنجاب میں کسانوں کے حقوق کا پرچم بلند کرے گی۔